یوگا ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یوگا کرکے اس مرض
کی شدت کو کم کرسکتے ہیں۔ صرف 10 روز تک ہردن 45 منٹ کا یوگا ان کے خون میں
شکر کی مقدار پر ڈرامائی اثر ڈال سکتا ہے۔ بعض مریضوں نے اعتراف کیا ہے کہ
انہوں نے یوگا کے بعد ذیابیطس کی دوائیں لینا بھی کم کردی ہیں، بھارتی
ریاست کرناٹک کے شہر جیگانی میں واقع اس ویاسا یوگا یونیورسٹی سے وابستہ
ڈاکٹر وینوگوپال وجےکمار نے کہا ہے کہ یوگا کی صرف ایک کلاس بھی خون میں
شکر کی مقدار پر اثر انداز ہوسکتی ہے جب کہ 10 دن مسلسل یوگا سے بہت فرق
پڑسکتا ہے تاہم انہوں نے ذیابیطس کے مؤثر کنٹرول کے لیے تین سے چار ماہ تک
یوگا سیشن پر زور دیا۔ اس ضمن میں ایک اہم سروے جرنل آف ڈائبیٹکس اینڈ
میٹابولک سنڈروم میں شائع ہوا ہے جس میں 1292
افراد شامل تھے۔ میں سے بعض
ذیابیطس کے شکار تھے یا اس مرض میں مبتلا ہونے کے قریب تھے یعنی ایسے مریض
جن کے خون میں شکر کی مقدار ذیادہ رہتی ہے لیکن وہ باقاعدہ اس کے مریض نہیں
ہوتے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ یوگا ان دونوں کیفیات کو ختم کرتا ہے، ہریوگا
سیشن میں مریضوں کا پہلے اور بعد میں بلڈ گلوکوز ناپا گیا، جن لوگوں نے دس
روز تک یوگا کیا اور اس کی کلاسیں لیں ان کے فاسٹنگ پلازما گلوکوز (ایف پی
جی) میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ یوگا ٹائپ ٹو
ذیابیطس کے خلاف بھی بھرپور کارگر ثابت ہوتی ہے۔ اس مطالعے میں مختلف پس
منظر سے تعلق رکھنے والے ہر عمر کے لوگ موجود تھے۔ اس کے علاوہ یوگا ذہنی
تناؤ کم کرنے اور اسٹریس ہارمون میں بھی کمی کرتا ہے جب کہ یہ بدن کی
اندرونی جلن کو بھی ختم کرتا ہے۔